137

سڈنی میں خاتون نے پالتو بلی کرائے پر دینا شروع کر دی…..

سڈنی(نیوز ڈیسک) بلی پالنے کا شوق تو بہت سے لوگوں کو ہوتا ہے لیکن یہ بات شاید ہی کسی کو معلوم ہو کہ بلی کرائے پر بھی دی جا سکتی ہے۔ اگر آپ کو بھی یہ بات معلوم نہیں تو آسٹریلوی خاتون جوائے بینیز سے ملئے جنہوں نے صرف اپنی بلی ہی نہیں بلکہ ہر چیز کرائے پر دے رکھی ہے اور خوب مزے کی زندگی گزار رہی ہیں۔
جوائے کا کہنا ہے کہ جب وہ 2014ءمیں سڈنی منتقل ہوئیں تو انہیں پتا چلا کہ وہ اپنی قلیل تنخواہ میں اس شہر میں گزارا نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے اس مسئلے کا ایسا انوکھا حل نکالا کہ اب وہ ماہانہ 2000 ڈالر (تقریباً سوا دو لاکھ روپے )کمارہی ہیں لیکن ان کا خرچہ نا ہونے کے برابر ہے۔
جوائے نے اپنی زندگی کی دلچسپ کہانی سناتے ہوئے بتایا ”سڈنی بہت مہنگا شہر ہے اور مجھے نظر آرہا تھا کہ میں محض اپنی تنخواہ کے ذریعے یہاں رہنے کا خواب پور انہیں کرسکتی۔ میں نے اس کا حل یہ ڈھونڈا کہ اپنا کچھ سامان تو بیچ ڈالا اور اس کے بعد اپنی گاڑی اور بلی کرائے پر دینا شروع کر دی۔ رہائش کا حل یہ نکالا کہ میں شہر سے باہر جانے والے لوگوں کے گھروں کی رکھوالی کا کام کرنے لگی اور یوں ایک کے بعد ایک گھر میں قیام جاری رکھا ہوا ہے۔ گاڑی کرائے پر دینے سے مجھے روزانہ تقریباً 30 ڈالر کرایہ مل جاتا ہے۔ میں نے اپنی بلی اٹھنے والے اخراجات سے بچنے کے لئے اسے بھی کرائے پر دینا شروع کردیا اور یہ فیصلہ بھی بہت ہی اچھا ثابت ہوا۔ میں نے اسے ویب سائٹ Gumtreeکے ذریعے کرائے پر دینا شروع کیا جبکہ اپنی کار کو ویب سائٹ carnextdoorکے ذریعے کرائے پر دیتی ہوں۔
میری بلی آج کل ایک شاندار جوڑے کے ساتھ رہ رہی ہے۔ ان کی اپنی بلی گم ہونے کے بعد انہیں ایک پالتو بلی کی ضرورت تھی۔ میں رہنے کے لئے گھر کا کرایہ ادا نہیں کرسکتی تھی لہٰذا میں نے دوسروں کے گھروں کا خیال رکھنے کی خدمات فراہم کرنا شروع کردیں اور یوں یہ مسئلہ بھی حل ہو گیا۔ میں اس مقصد کے لئے بھی انٹرنیٹ کو استعمال کرتی ہوں اور ایسے لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل کرتی ہوں جو عارضی طور پر اپنے گھر کو چھوڑ کر کہیں جانا چاہ رہے ہوں۔ میں ان لوگوں کے ساتھ پہلے ہی معاہدہ کرلیتی ہوں اور اس وقت میرے معاہدے اگست کے مہینے تک مختلف لوگوں کے ساتھ طے ہوچکے ہیں۔ میں چند دن یا مہینے بھر کے لئے ایک گھر میں قیام کرتی ہوں اور جب اس کے مالکان واپس آجاتے ہیں تو کسی اگلے گھر منتقل ہوجاتی ہوں۔ میں نے اپنی بلی ایک سال کے لئے کرائے پر دی ہے۔ ایک سال مکمل ہونے سے پہلے ہی میں اس کے لئے نئے کرائے دار ڈھونڈ لوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں