137

نوکیا کا پہلا 4 کیمروں والا فلیگ شپ فون بہت جلد

نوکیا کا پہلا 4 کیمروں والا فلیگ شپ فون
نوکیا نے گزشتہ سال اسمارٹ فونز کی دنیا میں کافی عرصے بعد قدم رکھا اور 2017 میں کئی ڈیوائسز متعارف کرائی، جبکہ یہ کمپنی 2018 کا آغاز اپنے نئے فلیگ شپ فون نوکیا نائن سے کررہی ہے۔جی ہاں نوکیا کے فونز کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے اگلے ماہ موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر نئے فونز پیش کیے جائیں گے۔
پچیس فروری کو کمپنی کی جانب سے نوکیا نائن کے ساتھ ساتھ کمپنی کا اب تک سب سے سستا فون نوکیا ون جبکہ گزشتہ سال کا نوکیا سکس کا اپ ڈیٹ 2018 ورژن متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پچیس فروری کو ہی سام سنگ کی جانب سے نئے فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس نائن اور ایس نائن پلس متعارف کرائے جائیں گے اور نوکیا کو امید ہے کہ اپنی ڈیوائسز اس کے مقابلے پر لانا لوگوں کی توجہ زیادہ مرکوز کرانے میں مدد دے گا۔
نوکیا ون بنیادی طور پر اینڈرائیڈ گو پروگرام کا حصہ بننے والا فون ہے جو زیادہ مہنگے فونز نہ خریدنے کی استطاعت رکھنے والے افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ویسے تو نوکیا 8 کو اس کمپنی کا پہلا اینڈرائیڈ فلیگ شپ فون قرار دیا گیا ہے مگر نوکیا نائن ہی درحقیقت اس کا فلیگ شپ فون ثابت ہونے والا ہے۔مختلف افواہوں کے مطابق نوکیا نائن 5.5 انچ کے فل ایچ ڈی ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جس میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 835 یا 845 پراسیسر کی موجودگی کا امکان ہے۔
اسی طرح چار سے چھ جی بی ریم، ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ جس کے لیے کمپنی نے کارل زئیس آپٹیکس کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔
اس ڈیوائس کو امریکا میں چند ہفتے قبل سرٹیفکیٹ بھی مل چکا ہے اور اس کی لیک سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کے فرنٹ پر بھی پانچ میگا پکسل کے دو کیمرے ہوں گے۔یعنی یہ نوکیا کا پہلا فون ہوگا جس میں چار کیمرے دیئے جارہے ہیں۔اسی طرح یہ کمپنی کا پہلا فون بھی ہوگا جو کہ بیزل لیس اور ہوم بٹن سے محروم فون ہوگا جبکہ فنگرپرنٹ سنسر کو بیک پر منتقل کردیا جائے گا۔ویسے تو فی الحال یہ افواہیں تاہم اس کی ایک تصویر بھی لیک ہوکر سامنے آئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں